سورۃ الاعلی
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
پاکی بیان کر اپنے پروردگار بزرگ کی
جس نے (عالم کو) پیدا کیا اور ٹھیک ٹھاک بنایا
اور جس نے (ہر چیز کا) اندازہ مقرر کیا پھر رستہ بتایا
اور جس نے چارہ اگایا
پھر اس کو سیاہ کوڑا کر دیا
ہم تمہیں پڑھائیں گے تو تم (بھول نہ جاؤ گے)
مگر جو الله چاہے بے شک وہ ظاہر اور پوشیدہ کو جانتا ہے
اور ہم تمہیں آسان طریق پر چلائیں گے
تو نصیحت کرو اگر نصیحت فائدہ دے
جو شخص ڈرتا ہے وہ نصیحت قبول کرے گا
اور اس سے بچ کر وہ بڑا بدبخت شخص رہے گا
جو بڑی آگ میں داخل ہو گا
پھر اس میں نہ مرے گا اور نہ جئے گا
وہ کامیاب ہو گیا جس نے پاکیزگی اختیار کی
اور اپنے رب کا نام یاد کیا پھر نماز پڑھی
بلکہ تم دنیا کی زندگی کو ترجیح دیتے ہو
اور آخرت بہتر اور باقی رہنے والی ہے
بے شک یہ پہلی کتابوں میں ہے
ابراہیم اور موسی کی کتابوں میں
© Translation: Fateh Mohammad Jalandhri
This translation is copyright free and free of any restrictions.