سورۃ البروج
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
قسم ہے بروج والے آسمان کی■
اور اس دن کی جو وعدہ کیا گیا ہے■
اور گواہ کی اور جس کی گواہی دی جائے■
مارے گئے خندقیں کھودنے والے■
(یعنی) آگ والی خندقیں■
جب وہ ان کے گرد بیٹھے ہوئے تھے■
اور جو کچھ وہ مومنوں کے ساتھ کر رہے تھے اسے دیکھ رہے تھے■
اور انہوں نے ان سے صرف اس وجہ سے بدلہ لیا کہ وہ الله غالب کی ذات پر ایمان لائے تھے■
جو تمام آسمانوں اور زمین کی بادشاہی کا مالک ہے اور الله ہر چیز پر گواہ ہے■
بے شک جو لوگ مومن مردوں اور مومن عورتوں کو اذیتیں دیتے ہیں پھر توبہ نہیں کرتے تو ان کے لئے دوزخ کا عذاب اور جلا دینے والا عذاب ہے■
بے شک جو لوگ ایمان لائے اور نیک اعمال کیے ان کے لئے باغات ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں یہ بڑی کامیابی ہے■
بے شک تیرے رب کی پکڑ بہت سخت ہے■
بے شک وہی پہلی بار پیدا کرتا ہے اور وہی دوبارہ پیدا کرے گا■
اور وہ بخشنے والا دوست ہے■
عرش والا عظمت والا■
جو چاہے کرے■
کیا تمہیں لشکروں کی خبر نہیں پہنچی■
فرعون اور ثمود کی■
لیکن جو لوگ کافر ہیں وہ جھٹلانے میں ہیں■
اور الله ان کو ان کے پیچھے گھیرے ہوئے ہے■
بلکہ یہ قرآن بزرگ ہے■
لوح محفوظ میں■
© Translation: Fateh Mohammad Jalandhri
This translation is copyright free and free of any restrictions.