سورۃ المطففین | سورہ 83

سورۃ المطففین

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
بڑے افسوس کی بات ہے ناپ تول میں کمی کرنے والوں کی
کہ جب لوگوں سے ناپ کر لیتے ہیں تو پورا پورا لیتے ہیں
اور جب ان کو ناپ کر یا تول کر دیتے ہیں تو کم کرکے دیتے ہیں
کیا ان لوگوں کو خیال نہیں کہ (قیامت کے دن) اٹھائے جائیں گے
بڑے (عظمت والے) دن میں
جس دن لوگ رب العالمین کے سامنے کھڑے ہوں گے
سن رکھو! بدکاروں کا دفتر سجین میں ہے
اور تمہیں کیا معلوم کہ سجین کیا ہے؟
یہ (اعمال کی) لکھی ہوئی کتاب ہے
اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہے
جو انصاف کے دن کو جھٹلاتے ہیں
اور اس کو کوئی نہیں جھٹلاتا مگر جو حد سے بڑھنے والا گنہگار ہے
جب اس کو ہماری آیتیں سنائی جاتی ہیں تو کہتا ہے کہ یہ تو پہلے لوگوں کے افسانے ہیں
نہیں نہیں! بلکہ ان کے دلوں پر ان کے اعمال کے سبب زنگ لگا دیا گیا ہے
نہیں نہیں! یہ لوگ اس دن اپنے پروردگار سے پردے میں رکھے جائیں گے
پھر یہ لوگ دوزخ میں داخل ہوں گے
پھر ان سے کہا جائے گا کہ یہ وہی ہے جس کو تم جھٹلایا کرتے تھے
نہیں نہیں! نیکوکاروں کا دفتر علیین میں ہے
اور تمہیں کیا معلوم کہ علیین کیا ہے؟
یہ (نیک لوگوں کے اعمال کی) لکھی ہوئی کتاب ہے
اس کو مقرب لوگ دیکھتے ہیں
نیک لوگ نعمتوں (کی بہشت) میں ہوں گے
تختوں پر بیٹھے دیکھ رہے ہوں گے
ان کے چہروں میں تم نعمتوں کی رونق دیکھو گے
ان کو خالص شراب پلائی جائے گی
جس پر مشک کی مہر ہوگی
اور اس (شراب) کی آمیزش میں تسنیم ہوگی
یعنی وہ چشمہ جس سے الله کے مقرب بندے پئیں گے
جو گنہگار ہیں وہ مومنوں پر ہنسا کرتے تھے
اور جب ان کے پاس سے گزرتے تو ان کی آنکھیں مار مار کر اشارے کرتے
اور جب اپنے گھر والوں کی طرف لوٹتے تو خوش لوٹتے
اور جب ان کو دیکھتے تو کہتے کہ یہ لوگ تو گمراہ ہیں
اور حالانکہ یہ (لوگ) ان پر نگران بنا کر نہیں بھیجے گئے
سو آج مومن کافروں پر ہنس رہے ہیں
تختوں پر بیٹھے دیکھ رہے ہیں
کہ کافر لوگ اپنے اعمال کی جزا پا چکے
Previous Post Next Post