سورۃ الانفطار
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
جب آسمان پھٹ جائے گا■
اور جب ستارے پراگندہ ہوجائیں گے■
اور جب دریا بہہ نکلیں گے■
اور جب قبریں الٹ دی جائیں گی■
تو ہر شخص جان لے گا کہ اس نے آگے کیا بھیجا اور پیچھے کیا چھوڑا■
اے انسان! تجھے اپنے رب کریم کے بارے میں کس چیز نے بہکایا؟■
جس نے تجھے پیدا کیا پھر تجھے ٹھیک کیا پھر تیرے اعضا کو درست کیا■
جس صورت میں چاہا تجھے جوڑ دیا■
نہیں بلکہ تم لوگ جزا کو جھٹلاتے ہو■
حالانکہ تم پر نگہبان مقرر ہیں■
جو معزز لکھنے والے ہیں■
وہ جانتے ہیں جو کچھ تم کرتے ہو■
بیشک نیک لوگ نعمتوں میں ہوں گے■
اور بیشک بدکار دوزخ میں ہوں گے■
جو جزا کے دن اس میں داخل ہوں گے■
اور اس سے غائب نہیں ہوں گے■
اور تم کیا سمجھے ہو کہ جزا کا دن کیا ہے؟■
پھر تمہیں کیا سمجھایا کہ جزا کا دن کیا ہے؟■
جس دن کوئی کسی کے لئے کچھ اختیار نہ رکھے گا اور سب کام اللہ کے ہاتھ میں ہوں گے■
© Translation: Fateh Mohammad Jalandhri
This translation is copyright free and free of any restrictions.