سورۃ التکویر
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
جب سورج لپیٹ لیا جائے گا■
اور جب تارے بےنور ہو جائیں گے■
اور جب پہاڑ چلائے جائیں گے■
اور جب حاملہ اونٹنیاں چھوٹی پھریں گی■
اور جب وحشی جانور جمع کئے جائیں گے■
اور جب سمندر پھٹ پڑیں گے■
اور جب روحیں جسموں سے ملا دی جائیں گی■
اور جب زندہ گاڑی ہوئی لڑکی سے پوچھا جائے گا■
کہ کس گناہ کی پاداش میں ماری گئی■
اور جب (اعمال کے) دفتر کھولے جائیں گے■
اور جب آسمان کھولا جائے گا■
اور جب دوزخ بھڑکائی جائے گی■
اور جب بہشت قریب لائی جائے گی■
تب ہر شخص معلوم کر لے گا کہ وہ کیا لایا ہے■
پس میں قسم کھاتا ہوں ستاروں کی■
جو پیچھے ہٹ جاتے ہیں■
پھر چلتے ہیں■
پھر غائب ہو جاتے ہیں■
اور رات کی جب جانے لگے■
اور صبح کی جب دمکنے لگے■
کہ یہ بزرگ رسول کی باتیں ہیں■
جو صاحبِ قوت ہے عرش کے مالک کے نزدیک مکین ہے■
وہاں معتبر ہے■
اور امین ہے■
اور تمہارا رفیق دیوانہ نہیں■
اور بیشک اس نے اس (فرشتہ) کو افق مبین میں دیکھا■
اور وہ (فرشتہ) غیب کی باتیں بتانے میں بخیل نہیں■
اور یہ (قرآن) شیطان مردود کا قول نہیں■
پھر تم کدھر جا رہے ہو؟■
یہ تو اہلِ عالم کے لئے نصیحت ہے■
یعنی ان میں سے اس شخص کے لئے جو سیدھی راہ پر چلنا چاہے■
اور تم تو کچھ بھی نہیں چاہ سکتے مگر یہ کہ اللہ چاہے جو اہل عالم کا پروردگار ہے■
© Translation: Fateh Mohammad Jalandhri
This translation is copyright free and free of any restrictions.