سورۃ المرسلات
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
قسم ہے ان ہواؤں کی جو بھیجی جاتی ہیں پے در پے■1
پھر طوفانی ہو کر چلتی ہیں■2
اور بادلوں کو اٹھا کر اڑاتی ہیں■3
پھر حق و باطل کو جدا کر دیتی ہیں■4
پھر نصیحت ڈالتی ہیں■5
عذر اور ڈر سنانے کے لئے■6
بیشک جس چیز کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے، وہ ضرور واقع ہونے والی ہے■7
پھر جب ستارے بے نور ہو جائیں گے■8
اور آسمان پھٹ جائے گا■9
اور پہاڑ چورا چورا ہو کر اڑ جائیں گے■10
اور جب رسولوں کا وقت مقررہ آ پہنچے گا■11
کس دن کے لئے ان کو ملتوی کیا گیا ہے؟■12
فیصلہ کے دن کے لئے■13
اور آپ کو کیا معلوم کہ فیصلہ کا دن کیا ہے؟■14
اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے■15
کیا ہم نے پہلے لوگوں کو ہلاک نہیں کیا؟■16
پھر ان کے بعد دوسروں کو لائیں گے■17
اسی طرح ہم مجرموں کے ساتھ کریں گے■18
اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے■19
کیا ہم نے تم کو حقیر پانی سے پیدا نہیں کیا؟■20
پھر اسے ایک محفوظ جگہ میں رکھا■21
ایک معلوم مدت تک■22
پھر ہم نے ایک اندازہ مقرر کیا، پس ہم کیا ہی خوب قادر ہیں■23
اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے■24
کیا ہم نے زمین کو سمیٹنے والی نہیں بنایا؟■25
زندوں اور مردوں کے لئے■26
اور ہم نے اس میں بلند وبالا پہاڑ رکھے اور تمہیں میٹھا پانی پلایا■27
اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے■28
جاؤ اس چیز کی طرف جسے تم جھٹلایا کرتے تھے■29
جاؤ تین شاخوں والے سائے کی طرف■30
جو نہ سایہ دے اور نہ شعلہ سے بچائے■31
بیشک وہ محل کی طرح چنگاریاں پھینکتی ہے■32
گویا کہ وہ زرد اونٹ ہیں■33
اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے■34
یہ وہ دن ہے جس میں وہ نہ بول سکیں گے■35
اور نہ انہیں اجازت دی جائے گی کہ عذر کر سکیں■36
اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے■37
یہ فیصلہ کا دن ہے، ہم نے تمہیں اور پہلے لوگوں کو جمع کیا■38
پس اگر تمہارا کوئی منصوبہ ہے تو میرے مقابلہ میں منصوبہ بناؤ■39
اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے■40
پرہیزگار لوگ سایوں اور چشموں میں ہوں گے■41
اور میوے اس چیز میں جس کا جی چاہے گا■42
ان سے کہا جائے گا، مزے سے کھاؤ پیو، یہ ان اعمال کا بدلہ ہے جو تم کرتے تھے■43
بیشک ہم نیکی کرنے والوں کو ایسا ہی بدلہ دیتے ہیں■44
اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے■45
کھالو اور چند روزہ فائدہ اٹھالو بیشک تم مجرم ہو■46
اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے■47
اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ رکوع کرو تو نہیں کرتے■48
اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے■49
پھر اس قرآن کے بعد کس بات پر ایمان لائیں گے؟■50
©
Translation: Fateh Mohammad Jalandhri
This translation is copyright free and free of any restrictions.