سورۃ الدھر
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
کیا انسان پر ایک وقت ایسا بھی گزر چکا ہے جب وہ کوئی قابل ذکر چیز نہ تھا؟■1
بیشک ہم نے انسان کو مخلوط نطفہ سے پیدا کیا تاکہ اس کا امتحان لیں اور ہم نے اسے سننے والا اور دیکھنے والا بنایا■2
بیشک ہم نے اسے راستہ دکھا دیا اب چاہے شکر گزار ہو یا ناشکرا■3
بیشک ہم نے کافروں کے لئے زنجیریں اور طوق اور بھڑکتی ہوئی آگ تیار کر رکھی ہے■4
بیشک نیک لوگ جام شراب پئیں گے جو کافور کی آمیزش والا ہو گا■5
یہ ایک چشمہ ہے جس سے اللہ کے بندے پئیں گے اور اس کو آسانی سے جاری کر لیں گے■6
یہ لوگ نذر پوری کرتے ہیں اور اس دن سے ڈرتے ہیں جس کی برائی چاروں طرف پھیلنے والی ہے■7
اور اللہ کی محبت میں مسکین اور یتیم اور قیدی کو کھانا کھلاتے ہیں■8
(اور ان سے کہتے ہیں کہ) ہم تو تمہیں اللہ کی خاطر کھلا رہے ہیں ہم نہ تم سے بدلہ چاہتے ہیں نہ شکر گزاری■9
ہمیں تو اپنے رب سے اس دن کا خوف لاحق ہے جو سخت مصیبت اور تنگی کا دن ہو گا■10
پس اللہ نے ان کو اس دن کی سختی سے بچا لیا اور انہیں تازگی اور خوشی دی■11
اور انہیں ان کے صبر کے بدلے جنت اور ریشمی لباس عطا کرے گا■12
وہ اس میں مسندوں پر تکیہ لگائے بیٹھے ہوں گے وہاں نہ دھوپ دیکھیں گے اور نہ سردی■13
اور اس کے سائے ان پر جھکے ہوئے ہوں گے اور اس کے میوے بہت ہی آسانی سے ان کے قبضے میں ہوں گے■14
اور ان کے سامنے چاندی کے برتن اور شیشے کے گلاس پیش کئے جائیں گے■15
شیشے بھی چاندی کے ہوں گے جنہیں انہوں نے ٹھیک اندازہ پر بھرا ہو گا■16
اور انہیں وہاں ایسی شراب پلائی جائے گی جس میں سونٹھ کی آمیزش ہو گی■17
یہ جنت کا ایک چشمہ ہو گا جس کا نام سلسبیل ہے■18
اور ان کے پاس ایسے لڑکے (خدمت کے لئے) پھرتے ہوں گے جو ہمیشہ لڑکے ہی رہیں گے تم انہیں دیکھ کر سمجھو گے کہ بکھرے ہوئے موتی ہیں■19
اور جب تو وہاں جائے گا تو نعمتیں ہی نعمتیں اور بڑی سلطنت دیکھے گا■20
ان پر سبز باریک اور دبیز ریشم کے کپڑے ہوں گے اور انہیں چاندی کے کنگن پہنائے جائیں گے اور ان کا رب انہیں نہایت پاکیزہ شراب پلائے گا■21
یہ تمہاری جزا ہو گی اور تمہاری کوشش کی قدر کی گئی■22
ہم نے آپ پر قرآن کو آہستہ آہستہ نازل کیا■23
پس آپ اپنے رب کے حکم کے انتظار میں صبر کریں اور ان میں سے کسی گنہگار یا ناشکرے کا کہنا نہ مانیں■24
اور صبح و شام اپنے رب کے نام کا ذکر کریں■25
اور رات کو بھی اس کے سامنے سجدہ کریں اور رات کے طویل حصہ میں اس کی تسبیح کریں■26
بیشک یہ لوگ دنیا سے محبت رکھتے ہیں اور اپنے پیچھے ایک بھاری دن کو چھوڑے دیتے ہیں■27
ہم نے انہیں پیدا کیا اور ان کے جوڑ بند مضبوط کئے اور ہم جب چاہیں ان کے بدل دیں ان جیسے اور بدل دیں■28
بیشک یہ ایک نصیحت ہے پس جو چاہے اپنے رب تک پہنچنے کا راستہ اختیار کرے■29
اور تم کچھ بھی نہیں چاہ سکتے مگر یہ کہ اللہ ہی چاہے بیشک اللہ بڑے علم والا بڑی حکمت والا ہے■30
جس کو چاہے اپنی رحمت میں داخل کرتا ہے اور ظالموں کے لئے اس نے دردناک عذاب تیار کر رکھا ہے■31
©
Translation: Fateh Mohammad Jalandhri
This translation is copyright free and free of any restrictions.