سورۃ الجن
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
کہو! مجھے یہ بات بتلائی گئی ہے کہ جنوں کی ایک جماعت نے (قرآن) سنا اور کہنے لگے بے شک ہم نے ایک عجیب قرآن سنا ہے■1
جو ہدایت کی راہ دکھاتا ہے پس ہم اس پر ایمان لائے اور ہم ہرگز کسی کو اپنے رب کے ساتھ شریک نہ بنائیں گے■2
اور یہ کہ ہمارے رب کی شان بہت بلند ہے نہ اس نے کسی کو بیوی بنایا ہے اور نہ بیٹا■3
اور یہ کہ ہم میں کا نادان الله کے بارے میں جھوٹ بکتا تھا■4
اور یہ کہ ہم نے سمجھا تھا کہ آدمی اور جن الله پر ہرگز جھوٹ نہیں باندھ سکتے■5
اور یہ کہ کچھ آدمی جنات میں سے بعض کی پناہ پکڑا کرتے تھے پس انہوں نے ان کی سرکشی اور زیادہ کر دی تھی■6
اور یہ کہ انہوں نے بھی ایسا ہی گمان کیا جیسا کہ تمہارا گمان ہے کہ الله کسی کو ہرگز نہیں اٹھائے گا■7
اور یہ کہ ہم نے آسمان کو ٹٹولا تو اسے سخت پہرے داروں اور شہابوں سے بھرا ہوا پایا■8
اور یہ کہ ہم (آسمان کے) بعض مقاموں پر سننے کے لیے بیٹھا کرتے تھے پس جو کوئی اب سننے کے لیے بیٹھے گا تو وہ اپنے لیے گھات میں لگا ہوا شہاب پائے گا■9
اور یہ کہ ہم نہیں جانتے کہ زمین والوں کے ساتھ کوئی برائی کرنے کا ارادہ کیا گیا ہے یا ان کے رب نے ان کے ساتھ بھلائی کا ارادہ کیا ہے■10
اور یہ کہ ہم میں بعض نیک ہیں اور بعض اس کے سوا ہیں ہم مختلف طریقوں پر بٹے ہوئے ہیں■11
اور یہ کہ ہم سمجھتے تھے کہ ہم الله کو زمین میں ہرگز عاجز نہ کر سکیں گے اور نہ ہم اسے بھاگ کر عاجز کر سکیں گے■12
اور یہ کہ ہم جب ہدایت کی بات سنیں تو اس پر ایمان لے آئیں پس جو کوئی اپنے رب پر ایمان لائے گا تو اسے نہ کسی نقصان کا ڈر ہو گا اور نہ کسی زیادتی کا■13
اور یہ کہ ہم میں بعض فرمابردار ہیں اور بعض نافرمان ہیں پس جو کوئی فرماں بردار ہو گا تو ایسے ہی لوگ نجات کے طلبگار ہیں■14
اور جو نافرمان ہوں گے پس وہی دوزخ کا ایندھن ہوں گے■15
اور یہ کہ اگر وہ لوگ سیدھی راہ پر چلتے تو ہم انہیں خوب سیراب کرتے■16
تاکہ اس میں ان کو آزمائیں اور جو کوئی اپنے رب کے ذکر سے منہ موڑے گا وہ اسے چڑھتا ہوا عذاب دے گا■17
اور یہ کہ مسجدیں الله ہی کے لیے ہیں پس الله کے ساتھ کسی اور کو نہ پکارو■18
اور یہ کہ جب الله کا بندہ اس کی عبادت کے لیے کھڑا ہوا تو قریب تھا کہ وہ اس پر ہجوم کر دیں■19
کہہ دو کہ میں تو اپنے رب کو پکارتا ہوں اور کسی کو اس کا شریک نہیں بناتا■20
کہہ دو کہ میں تمہیں نہ کسی نقصان پہنچانے کا اختیار رکھتا ہوں اور نہ بھلائی کا■21
کہہ دو کہ مجھے الله سے کوئی بچا نہیں سکتا اور نہ میں اس کے سوا کوئی پناہ کی جگہ پا سکوں گا■22
مگر الله کی طرف سے (حکم پہنچانا ہے اور) اس کی باتیں ہیں اور جو کوئی الله اور اس کے رسول کی نافرمانی کرے گا پس اس کے لیے دوزخ کی آگ ہے وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے■23
یہاں تک کہ جب وہ لوگ وہ دیکھیں گے جس سے انہیں ڈرایا جاتا ہے تو جلد معلوم کر لیں گے کہ مددگاروں میں سے کون کمزور تر ہے اور تعداد میں کون کم ہے■24
کہہ دو کہ میں نہیں جانتا کہ جس چیز کا تم سے وعدہ کیا گیا ہے آیا وہ قریب ہے یا میرا رب اس کے لیے کوئی لمبی مدت مقرر کرے گا■25
وہ غیب کا جاننے والا ہے پس اپنے غیب پر کسی کو ظاہر نہیں کرتا■26
سوائے اپنے پسندیدہ رسولوں کے بے شک اس کے آگے اور پیچھے محافظ ہوتے ہیں■27
تاکہ وہ جان لے کہ انہوں نے اپنے رب کے پیغام پہنچا دیے ہیں اور الله نے ان کے پاس جو کچھ ہے اسے گھیر رکھا ہے اور ہر چیز کی گنتی شمار کر رکھی ہے■28
©
Translation: Fateh Mohammad Jalandhri
This translation is copyright free and free of any restrictions.