سورۃ نوح | سورہ 71

سورۃ نوح

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
بے شک ہم نے نوح کو اس کی قوم کی طرف بھیجا کہ اپنی قوم کو ڈر سنا اس سے پہلے کہ ان پر دردناک عذاب آئے1
اس نے کہا اے میری قوم! میں تمہیں صاف ڈرانے والا ہوں2
کہ تم الله کی عبادت کرو اور اس سے ڈرو اور میرا کہنا مانو3
تاکہ وہ تمہارے گناہ معاف کرے اور تمہیں ایک وقت مقرر تک مہلت دے بے شک جب الله کا وقت آتا ہے تو وہ ٹلتا نہیں اگر تم سمجھو4
کہا اے میرے رب! میں نے اپنی قوم کو رات دن بلایا5
پس انہیں میرے بلانے سے بھاگنے کے سوا کچھ زیادہ نہ ہوا6
اور بے شک میں نے جب کبھی انہیں بلایا تاکہ تو انہیں معاف کرے تو انہوں نے اپنی انگلیاں اپنے کانوں میں دیں اور اپنے کپڑے اوڑھ لیے اور اڑ گئے اور بڑا غرور کیا7
پھر میں نے انہیں بلند آواز سے پکارا8
پھر میں نے انہیں پکارا ظاہری طور پر اور پوشیدہ طور پر9
پھر میں نے کہا اپنے رب سے معافی مانگو بے شک وہ بڑا معاف کرنے والا ہے10
وہ تم پر آسمان کو خوب برسنے والا بھیجے گا11
اور مال اور بیٹے تمہارے زیادہ کرے گا اور تمہارے لیے باغ بنا دے گا اور تمہارے لیے نہریں بنا دے گا12
تمہیں کیا ہوا ہے کہ الله کی عظمت کا تمہیں کچھ خیال نہیں13
حالانکہ اس نے تمہیں کئی طرح سے بنایا14
کیا تم نے نہیں دیکھا کہ الله نے کس طرح سات آسمان اوپر تلے بنائے15
اور ان میں چاند کو روشنی بنایا اور سورج کو چراغ بنایا16
اور الله ہی نے تمہیں زمین سے عجیب طرح اگایا17
پھر وہ تمہیں اسی میں واپس لے جائے گا اور تمہیں دوبارہ اسی سے نکالے گا18
اور الله نے تمہارے لیے زمین کو فرش بنایا19
تاکہ تم اس کے کشادہ راستوں میں چلو20
نوح نے کہا اے میرے رب! انہوں نے میری نافرمانی کی اور اس کی فرمانبرداری کی جس کا مال اور اولاد اس کے لیے نقصان ہی بڑھایا21
اور بڑا فریب کیا22
اور کہا ہرگز اپنے معبودوں کو نہ چھوڑو اور نہ ہی ودّ اور سواع اور یغوث اور یعوق اور نسر کو چھوڑو23
اور انہوں نے بہتوں کو گمراہ کیا اور (تو بھی) ان ظالموں کی گمراہی ہی بڑھا24
پھر اپنی خطاؤں کے باعث وہ غرق کر دیے گئے پھر آگ میں ڈال دیے گئے پھر اپنے لیے الله کے سوا کوئی مددگار نہ پایا25
اور نوح نے کہا کہ اے میرے رب! زمین پر کافروں میں سے ایک بھی بسنے والا نہ چھوڑ26
بے شک اگر تو انہیں چھوڑ دے گا تو وہ تیرے بندوں کو گمراہ کر دیں گے اور ان کی اولاد نافرمان اور سخت کافر ہو گی27
اے میرے رب! مجھے اور میرے ماں باپ کو اور جو ایمان دار ہو کر میرے گھر میں داخل ہو اور سب ایمان دار مردوں اور سب ایمان دار عورتوں کو معاف فرما اور کافروں کو سوائے ہلاکت کے اور کچھ نہ بڑھا28
Previous Post Next Post