سورۃ المعارج | سورۃ 70

سورۃ المعارج

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
ایک مانگنے والا عذاب مانگتا ہے جو واقع ہونے والا ہے1
کافروں کے لیے ہے کوئی اسے دفع کرنے والا نہیں2
الله جو عرش کا مالک ہے اس کی طرف سے ہے3
فرشتے اور روح چڑھتے ہیں اس کی طرف ایک دن میں جس کی مقدار پچاس ہزار برس ہے4
سو صبر کر جیسے مناسب ہے5
وہ اسے دور سمجھتے ہیں6
اور ہم اسے نزدیک دیکھتے ہیں7
جس دن آسمان تیل کی تلچھٹ کی طرح ہو جائے گا8
اور پہاڑ رنگین اون کی طرح ہو جائیں گے9
اور کوئی دوست کسی دوست کو نہ پوچھے گا10
حالانکہ وہ ایک دوسرے کو دکھائے جائیں گے گناہ گار اس دن چاہے گا کہ اپنے بیٹے کو11
اور اپنی بیوی اور اپنے بھائی کو12
اور اپنے کنبہ کو جس میں وہ تھا13
اور زمین کے سب لوگوں کو دے کر اپنی جان چھڑا لے14
ہرگز نہیں بے شک وہ بھڑکتی آگ ہے15
کھال اتارنے والی16
جو پکارے گی اسے جس نے پیٹھ پھیری اور منہ موڑا17
اور مال جمع کیا اور رکھا18
بے شک انسان کمزور پیدا کیا گیا ہے19
جب اسے تکلیف پہنچتی ہے تو گھبرا جاتا ہے20
اور جب اسے مال ملتا ہے تو بخل کرتا ہے21
مگر نمازی22
جو اپنی نماز پر ہمیشگی کرتے ہیں23
اور وہ لوگ جن کے مال میں حصہ مقرر ہے24
مانگنے والے اور نہ مانگنے والے کا25
اور جو لوگ انصاف کے دن کو مانتے ہیں26
اور جو اپنے رب کے عذاب سے ڈرتے ہیں27
بے شک ان کے رب کا عذاب بے خوف ہونے کے لائق نہیں28
اور جو لوگ اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرتے ہیں29
مگر اپنی بیویوں پر یا کنیزوں پر جو ان کی ملک ہیں (ان پر نہیں) سو بے شک وہ ملامت کیے ہوئے نہیں ہیں30
پھر جو ان کے سوا کچھ اور چاہیں تو وہی حد سے بڑھنے والے ہیں31
اور جو لوگ اپنی امانتوں اور اپنے عہد کا پاس رکھتے ہیں32
اور جو لوگ اپنی گواہیوں پر قائم رہتے ہیں33
اور جو اپنی نماز کی حفاظت کرتے ہیں34
یہی لوگ باغوں میں عزت سے رہیں گے35
پھر کافروں کو کیا ہوا کہ تیری طرف دوڑتے آرہے ہیں36
دائیں اور بائیں سے جماعتیں بن بن کر37
کیا ان میں سے ہر شخص اس بات کی طمع رکھتا ہے کہ وہ جنت میں نعمت بھری زندگی میں داخل کیا جائے گا38
ہرگز نہیں بے شک ہم نے انہیں اس چیز سے پیدا کیا ہے جسے وہ جانتے ہیں39
سو میں مشرقوں اور مغربوں کے مالک کی قسم کھاتا ہوں کہ بے شک ہم اس بات پر قادر ہیں40
کہ ان سے بہتر ان کے بدل پیدا کر دیں اور ہم عاجز نہیں ہیں41
پھر آپ انہیں چھوڑ دیجیئے کہ وہ بیہودہ گوئی کرتے اور کھیلتے رہیں یہاں تک کہ اپنے اس دن سے جا ملیں جس کا ان سے وعدہ کیا جاتا ہے42
جس دن وہ قبروں سے دوڑتے ہوئے نکلیں گے جیسے کسی نشان کی طرف دوڑ رہے ہوں43
ان کی نگاہیں جھکی ہوئی ہوں گی ذلت انہیں چھپا رہی ہو گی یہ ہے وہ دن جس کا ان سے وعدہ کیا جاتا تھا44
Previous Post Next Post