سورۃ الجمعہ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
جو کچھ آسمانوں میں اور جو کچھ زمین میں ہے سب الله کی پاکی بیان کرتے ہیں جو بادشاہ قدوس غالب حکمت والا ہے■1
وہی ہے جس نے اَن پڑھوں میں انہیں میں سے ایک رسول بھیجا جو انہیں اس کی آیتیں پڑھ کر سناتا ہے اور انہیں پاک کرتا ہے اور انہیں کتاب اور حکمت سکھاتا ہے، اگرچہ وہ اس سے پہلے کھلی گمراہی میں تھے■2
اور دوسروں کے لیے بھی انہی میں سے بھیجا جو ابھی ان سے نہیں ملے، اور وہ غالب حکمت والا ہے■3
یہ الله کا فضل ہے جسے چاہتا ہے دیتا ہے، اور الله بڑے فضل والا ہے■4
جن لوگوں کو تورات پر عمل کرنے کا حکم دیا گیا تھا پھر انہوں نے اس پر عمل نہ کیا ان کی مثال اس گدھے کی سی ہے جو بڑی بڑی کتابیں لادے ہوئے ہو، جن لوگوں نے الله کی آیتوں کو جھٹلایا ان کی مثال بہت بری ہے، اور الله ظالم قوم کو ہدایت نہیں کرتا■5
کہہ دو کہ اے یہودیو! اگر تم یہ خیال کرتے ہو کہ تمام لوگوں کو چھوڑ کر صرف تم ہی الله کے دوست ہو تو موت کی آرزو کرو اگر تم سچے ہو■6
اور وہ ہرگز کبھی اس کی آرزو نہ کریں گے اس لیے کہ ان کے ہاتھوں نے جو کچھ آگے بھیجا ہے، اور الله ظالموں کو خوب جانتا ہے■7
کہہ دو کہ جس موت سے تم بھاگتے ہو وہ تو ضرور تمہیں پیش آنے والی ہے، پھر تم اس کے پاس لائے جاؤ گے جو چھپے اور کھلے کا جاننے والا ہے پھر وہ تمہیں بتا دے گا جو کچھ تم کرتے تھے■8
اے ایمان والو! جب جمعہ کے دن نماز کے لیے اذان دی جائے تو الله کے ذکر کی طرف دوڑو اور خرید و فروخت چھوڑ دو، یہی تمہارے حق میں بہتر ہے اگر تم جانتے ہو■9
پھر جب نماز ہو چکے تو زمین میں منتشر ہو جاؤ اور الله کا فضل تلاش کرو اور الله کو بہت یاد کرتے رہو تاکہ تم کامیاب ہو جاؤ■10
اور جب انہوں نے کوئی تجارت یا کھیلتے کودتے دیکھا تو اس کی طرف چل دیے اور آپ کو کھڑا چھوڑ گئے، کہہ دو کہ جو کچھ الله کے پاس ہے وہ کھیل کود اور تجارت سے بہتر ہے، اور الله سب سے بہتر رزق دینے والا ہے■11
©
Translation: Fateh Mohammad Jalandhri This translation is copyright free and free of any restrictions