سورۃ الصف | سورۃ 61

سورۃ الصف

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
جو کچھ آسمانوں میں اور جو کچھ زمین میں ہے سب الله کی تسبیح کرتے ہیں اور وہ غالب حکمت والا ہے1
اے ایمان والو! کیوں ایسی باتیں کہتے ہو جو تم کرتے نہیں ہو2
الله کے نزدیک یہ سخت نا پسندیدہ بات ہے کہ وہ بات کہو جو تم کرتے نہیں3
بے شک الله ان لوگوں کو پسند کرتا ہے جو اس کی راہ میں اس طرح صف باندھ کر لڑتے ہیں گویا کہ وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں4
اور جب موسی نے اپنی قوم سے کہا کہ اے قوم تم مجھے کیوں ایذا دیتے ہو حالانکہ تم جانتے ہو کہ میں تمہاری طرف الله کا رسول ہوں، پھر جب وہ کجرو ہو گئے تو الله نے ان کے دلوں کو کج کر دیا، اور الله نافرمان قوم کو ہدایت نہیں کرتا5
اور جب عیسی ابن مریم نے کہا اے بنی اسرائیل! بے شک میں تمہاری طرف الله کا رسول ہوں، اپنے سے پہلی کتاب تورات کی تصدیق کرنے والا ہوں اور اپنے بعد ایک رسول کی خوشخبری دینے والا ہوں جس کا نام احمد ہو گا، پھر جب وہ ان کے پاس کھلی نشانیاں لایا تو کہنے لگے یہ تو کھلا جادو ہے6
اور اس سے زیادہ ظالم کون ہو گا جو الله پر جھوٹ باندھے حالانکہ اسے اسلام کی طرف بلایا جاتا ہو، اور الله ظالم قوم کو ہدایت نہیں کرتا7
یہ چاہتے ہیں کہ الله کے نور کو اپنے منہ سے بجھا دیں اور الله اپنے نور کو پورا کرنے والا ہے اگرچہ کافر برا مانیں8
وہی ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت اور دین حق دے کر بھیجا تاکہ اسے اور ہر دین پر غالب کرے اگرچہ مشرک برا مانیں9
اے ایمان والو! کیا میں تمہیں ایسی تجارت بتاؤں جو تمہیں دردناک عذاب سے بچا لے10
الله پر اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور الله کی راہ میں اپنے مال اور جان سے جہاد کرو، یہی تمہارے حق میں بہتر ہے اگر تم جانتے ہو11
وہ تمہارے گناہ بخش دے گا اور تمہیں باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں اور پاکیزہ گھروں میں جو ہمیشہ رہنے کے باغوں میں ہوں گے، یہی بڑی کامیابی ہے12
اور دوسری چیز بھی ہے جو تم چاہتے ہو الله کی مدد اور جلد فتح کی خوشخبری دو، اور ایمان والو کو خوشخبری دے دو13
اے ایمان والو! الله کے مددگار بن جاؤ جیسے عیسی ابن مریم نے حواریوں سے کہا تھا الله کی راہ میں میرے مددگار کون ہیں، حواریوں نے کہا ہم الله کے مددگار ہیں، پھر بنی اسرائیل کا ایک گروہ ایمان لایا اور ایک گروہ کافر ہو گیا، پھر ہم نے ایمان والوں کی ان کے دشمنوں پر مدد کی پھر وہ غالب ہو گئے14
Previous Post Next Post