سورۃ المنافقون
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
جب منافق لوگ آپ کے پاس آتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم اس بات کے گواہ ہیں کہ آپ الله کے رسول ہیں، اور الله جانتا ہے کہ آپ اس کے رسول ہیں، اور الله گواہی دیتا ہے کہ منافق لوگ جھوٹے ہیں■1
انہوں نے اپنی قسموں کو ڈھال بنا لیا ہے پھر الله کی راہ سے رک گئے، بے شک وہ بہت ہی برا کام کرتے ہیں■2
یہ اس لیے ہے کہ وہ ایمان لا کر پھر کافر ہو گئے پھر ان کے دلوں پر مہر کر دی گئی ہے پس وہ نہیں سمجھتے■3
اور جب تو انہیں دیکھے تو ان کے جسم تجھے بھلے معلوم ہوں، اور اگر وہ بات کریں تو تو ان کی باتیں غور سے سنے، گویا کہ وہ لکڑیاں ہیں جو دیوار کے سہارے سے چنی گئی ہیں، ہر سخت آواز کو اپنے اوپر سمجھے ہوئے ہیں، وہی دشمن ہیں، سو ان سے بچتے رہو، الله انہیں مارے، کہاں پھرے جاتے ہیں■4
اور جب ان سے کہا جائے آؤ کہ الله کا رسول تمہارے لیے بخشش مانگے تو اپنے سر مٹکاتے ہیں اور آپ انہیں دیکھیں گے کہ تکبر کرتے ہوئے منہ پھیر لیتے ہیں■5
ان کے حق میں برابر ہے تو ان کے لیے بخشش مانگ یا ان کے لیے بخشش نہ مانگ، الله انہیں کبھی نہیں بخشے گا، بے شک الله نافرمان لوگوں کو ہدایت نہیں کرتا■6
یہی لوگ کہتے ہیں کہ جو لوگ رسول الله کے پاس ہیں ان پر خرچ نہ کرو یہاں تک کہ وہ ادھر ادھر ہو جائیں، حالانکہ آسمانوں اور زمین کے خزانے الله ہی کے ہیں لیکن منافق لوگ نہیں سمجھتے■7
وہ کہتے ہیں کہ اگر ہم مدینہ کی طرف پھر کر گئے تو عزت والا وہاں سے ذلت والے کو نکال دے گا حالانکہ عزت الله اور اس کے رسول اور ایمان والوں ہی کے لیے ہے لیکن منافق لوگ نہیں جانتے■8
اے ایمان والو! تمہارا مال اور تمہاری اولاد تمہیں الله کی یاد سے غافل نہ کر دے، اور جو کوئی ایسا کرے گا سو وہی لوگ نقصان اٹھانے والے ہیں■9
اور جو کچھ ہم نے تمہیں دیا ہے اس میں سے خرچ کرو پہلے اس کے کہ تم میں سے کسی کو موت آئے پھر کہنے لگے اے میرے رب تو نے مجھے کیوں نہ تھوڑی مدت کے لیے مہلت دی کہ میں خیرات کرتا اور نیک لوگو ں میں ہو جاتا■10
اور الله کسی کو مہلت نہیں دے گا جب اس کا وقت آ جائے، اور الله اس سے خبردار ہے جو تم کرتے ہو■11
©
Translation: Fateh Mohammad Jalandhri This translation is copyright free and free of any restrictions