سورۃ الممتحنة | سورۃ 60

سورۃ الممتحنة

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
اے ایمان والو! میرے اور اپنے دشمنوں کو دوست نہ بناؤ، تم انہیں محبت کے پیغام بھیجتے ہو حالانکہ جو حق تمہارے پاس آیا ہے اس سے وہ منکر ہیں، اور انہوں نے رسول کو اور تم کو اس پر ایمان لانے کی وجہ سے نکالا ہے1
اگر تم میری راہ میں جہاد کرنے اور میری رضا جوئی کے لیے نکلے ہو تو تم کیسے انہیں محبت کے پیغام بھیجتے ہو، میں تمہارے چھپے اور ظاہر کے حالات سے واقف ہوں، تم میں سے جو بھی یہ کام کرے گا وہ صراط مستقیم سے بھٹک گیا2
اگر وہ تم پر قابو پا لیں تو تمہارے دشمن ہو جائیں گے اور تمہیں ایذا دینے کے لیے اپنے ہاتھ اور اپنی زبانیں دراز کریں گے اور چاہتے ہیں کہ تم کافر ہو جاؤ3
قیامت کے دن نہ تمہاری قرابتیں کام آئیں گی اور نہ تمہاری اولاد، اس دن الله تمہارے درمیان فیصلہ کرے گا، اور الله تمہارے اعمال کو دیکھ رہا ہے4
تمہارے لئے ابراہیم اور ان کے ساتھیوں میں نیک نمونہ ہے جب انہوں نے اپنی قوم سے کہا کہ ہم تم سے اور تمہارے معبودوں سے جن کی تم الله کے سوا عبادت کرتے ہو بری ہیں، ہم نے تمہاری باتوں کا انکار کیا، اور ہم میں اور تم میں دشمنی اور بیر ہمیشہ کے لئے ظاہر ہو گیا جب تک تم ایک الله پر ایمان نہ لاؤ، مگر ابراہیم کا اپنے باپ سے یہ کہنا کہ میں تمہارے لئے مغفرت مانگوں گا، اور الله کے سامنے میں تمہارے لئے کسی چیز کا اختیار نہیں رکھتا، اے ہمارے رب! ہم نے تجھ ہی پر بھروسہ کیا اور تیری ہی طرف رجوع کیا اور تیری ہی طرف لوٹنا ہے5
اے ہمارے رب! ہمیں کافروں کے لئے آزمائش نہ بنا اور اے ہمارے رب! ہمیں بخش دے، بے شک تو ہی زبردست حکمت والا ہے6
یقیناً ان لوگوں میں تمہارے لئے اور ہر اس شخص کے لئے جو الله اور یوم آخرت کی امید رکھتا ہو نیک نمونہ ہے، اور جو شخص منہ پھیر لے تو بے شک الله ہی بے نیاز ہے سب خوبیوں والا ہے7
قریب ہے کہ الله تمہارے اور ان میں سے جن سے تمہاری عداوت ہے ان کے درمیان محبت ڈال دے، اور الله قادر ہے، اور الله بخشنے والا مہربان ہے8
الله تمہیں ان لوگوں سے منع نہیں کرتا جنہوں نے تم سے دین میں لڑائی نہیں کی اور نہ تمہیں تمہارے گھروں سے نکالا کہ تم ان کے ساتھ احسان کرو اور انصاف سے پیش آؤ، بے شک الله انصاف کرنے والوں کو پسند کرتا ہے9
الله تمہیں صرف ان لوگوں سے دوستی کرنے سے منع کرتا ہے جنہوں نے تم سے دین میں لڑائی کی اور تمہیں تمہارے گھروں سے نکالا اور تمہارے نکالنے میں اوروں کی مدد کی، اور جو شخص ان سے دوستی کرے گا وہی ظالم ہیں10
اے ایمان والو! جب تمہارے پاس مومن عورتیں ہجرت کر کے آئیں تو تم ان کا امتحان لے لو، الله ان کے ایمان کو خوب جانتا ہے، پھر اگر تمہیں یقین ہو جائے کہ وہ مومن ہیں تو انہیں کافروں کی طرف نہ لوٹاؤ، نہ یہ (مومن عورتیں) ان (کافروں) کے لئے حلال ہیں اور نہ وہ (کافر) ان (مومن عورتوں) کے لئے حلال ہیں، اور جو کچھ (کافروں) نے (مہر) خرچ کیا ہو وہ انہیں دے دو، اور تم پر کچھ گناہ نہیں کہ ان عورتوں کو مہر دے کر نکاح میں لے آؤ، اور کافر عورتوں کی ناموس اپنے قبضے میں نہ رکھو اور جو کچھ تم نے خرچ کیا ہو وہ مانگ لو اور جو کچھ انہوں نے خرچ کیا ہو وہ مانگ لیں، یہ الله کا حکم ہے، وہ تمہارے درمیان فیصلہ کرتا ہے، اور الله جاننے والا حکمت والا ہے11
اور اگر تمہاری کسی بیوی کا مہر کافروں کے قبضہ میں رہ جائے پھر تم ان سے بدلہ پاؤ تو جن کی بیویاں گئی ہیں ان کو اتنا دے دو جتنا انہوں نے خرچ کیا تھا، اور الله سے ڈرو جس پر تم ایمان رکھتے ہو12
اے نبی! جب مومن عورتیں تجھ سے اس بات پر بیعت کرنے کو آئیں کہ نہ وہ الله کے ساتھ کسی چیز کو شریک بنائیں گی اور نہ چوری کریں گی اور نہ زنا کریں گی اور نہ اپنی اولاد کو قتل کریں گی اور نہ اپنے ہاتھوں اور پاؤں کے درمیان کوئی بہتان باندھ لائیں گی اور نہ کسی نیک بات میں تیری نافرمانی کریں گی تو ان سے بیعت لے لو اور ان کے لئے الله سے بخشش مانگو، بے شک الله بخشنے والا مہربان ہے13
اے ایمان والو! ایسے لوگوں سے دوستی نہ رکھو جن پر الله نے غضب کیا، وہ آخرت سے اس طرح نا امید ہو گئے ہیں جیسے کفار اہلِ قبور سے نا امید ہیں14
Previous Post Next Post