سورۃ الحشر
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
جو کچھ آسمانوں میں اور جو کچھ زمین میں ہے سب الله کی تسبیح کرتے ہیں، اور وہ غالب حکمت والا ہے■1
وہی ہے جس نے اہل کتاب کافروں کو پہلے حشر میں ان کے گھروں سے نکال دیا، تمہارا خیال بھی نہ تھا کہ وہ نکل جائیں گے، اور وہ سمجھتے تھے کہ ان کے قلعے انہیں الله (کے عذاب) سے بچا لیں گے، پھر الله کا عذاب ان کے پاس ایسی جگہ سے آ پہنچا جہاں سے ان کا گمان بھی نہ تھا، اور ان کے دلوں میں الله نے رعب ڈال دیا، وہ اپنے گھروں کو اپنے ہی ہاتھوں اور مومنوں کے ہاتھوں اجاڑ رہے تھے، پس عبرت حاصل کرو اے بصیرت والو■2
اور اگر الله نے ان کے لئے جلاوطنی نہ لکھی ہوتی تو انہیں دنیا ہی میں عذاب دے دیتا، اور آخرت میں ان کے لئے آگ کا عذاب ہے■3
یہ اس لئے کہ انہوں نے الله اور اس کے رسول کی مخالفت کی، اور جو شخص الله کی مخالفت کرے تو الله سخت عذاب دینے والا ہے■4
تم نے کھجور کے جو درخت کاٹے یا انہیں ان کی جڑوں پر کھڑا رہنے دیا تو وہ الله کے حکم سے تھا اور تاکہ فاسقوں کو رسوا کرے■5
اور جو مال الله نے ان سے رسول کو دلوایا تو تم نے ان پر گھوڑے اور اونٹ نہیں دوڑائے لیکن الله اپنے رسولوں کو غالب کرتا ہے جس پر چاہتا ہے، اور الله ہر چیز پر قادر ہے■6
جو مال الله نے بستیوں والوں سے اپنے رسول کو دلوایا ہے وہ الله اور رسول اور (رسول کے) قرابت داروں اور یتیموں اور مسکینوں اور مسافروں کے لئے ہے، تاکہ وہ مال تمہارے دولت مندوں کے ہاتھوں ہی میں نہ پھرتا رہے، اور جو کچھ رسول تمہیں دے وہ لے لو اور جس سے منع کرے اس سے باز رہو، اور الله سے ڈرو، بے شک الله سخت عذاب دینے والا ہے■7
وہ مال ان فقیروں کے لئے بھی ہے جو اپنے گھروں سے نکال دیئے گئے ہیں اور اپنے مال اور اپنی جانوں سے الله کا فضل اور اس کی رضا چاہتے ہیں اور الله اور اس کے رسول کی مدد کرتے ہیں، یہی راستباز ہیں■8
اور جو لوگ (مہاجرین سے) پہلے ہی ایمان لا چکے ہیں اور اپنی ہجرت سے پہلے دیارِ (مدینہ) میں مقیم اور ایمان میں ان کی مدد کرنے والے ہیں، اور اپنے پاس آنے والوں سے محبت کرتے ہیں، اور جو کچھ بھی ان کو دے دیا جائے اس سے ان کے دلوں میں خلش نہیں ہوتی، بلکہ وہ انہیں اپنی جانوں پر ترجیح دیتے ہیں، اگرچہ وہ خود تنگی میں ہوں، اور جو شخص اپنی طبیعت کے بخل سے بچا لیا گیا تو وہی کامیاب ہیں■9
اور جو لوگ ان کے بعد آئے ہیں، وہ دعا کرتے ہیں کہ اے ہمارے رب! ہمیں اور ہمارے ان بھائیوں کو بخش دے جو ہم سے پہلے ایمان لائے ہیں، اور ہمارے دلوں میں ایمان والوں کے لئے کینہ نہ رکھ، اے ہمارے رب! تو بڑا نرمی کرنے والا، نہایت مہربان ہے■10
کیا تم نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جنہوں نے نفاق کیا کہ وہ اپنے بھائیوں سے جو کافر ہیں اہل کتاب میں سے کہتے ہیں کہ اگر تم نکالے گئے تو ہم بھی ضرور تمہارے ساتھ نکلیں گے، اور ہم تمہارے بارے میں کبھی کسی کا کہنا نہ مانیں گے، اور اگر تم سے جنگ کی گئی تو ہم ضرور تمہاری مدد کریں گے، اور الله گواہی دیتا ہے کہ یہ لوگ جھوٹے ہیں■11
البتہ اگر وہ نکالے گئے تو یہ ان کے ساتھ نہ نکلیں گے، اور اگر ان سے جنگ کی گئی تو یہ ان کی مدد نہ کریں گے، اور اگر ان کی مدد کریں گے تو پیٹھ پھیر کر بھاگ جائیں گے، پھر مدد نہ دیئے جائیں گے■12
تمہارے دلوں میں ان کی دہشت الله سے بھی زیادہ ہے، یہ اس لئے کہ وہ بے سمجھ لوگ ہیں■13
یہ آپس میں ہرگز اکٹھے ہو کر تم سے نہ لڑیں گے، سوائے بستیوں کے قلعوں میں یا دیواروں کے پیچھے چھپ کر، ان کی لڑائی آپس میں بڑی سخت ہے، تم انہیں اکٹھا خیال کرتے ہو، حالانکہ ان کے دل پھٹے ہوئے ہیں، یہ اس لئے کہ یہ بے عقل لوگ ہیں■14
ان لوگوں کی حالت ان لوگوں کی سی ہے جو ان سے پہلے قریب ہی گزر چکے ہیں، جنہوں نے اپنے کاموں کی برائی کا مزہ چکھ لیا، اور ان کے لئے دردناک عذاب ہے■15
ان کی مثال شیطان کی سی ہے، جب اس نے انسان سے کہا کہ کفر کر، پھر جب اس نے کفر کیا تو کہا میں تجھ سے بری ہوں، میں تو الله رب العالمین سے ڈرتا ہوں■16
پھر ان دونوں کا انجام یہ ہوا کہ وہ دونوں آگ میں ہمیشہ رہیں گے، اور یہی ظالموں کی سزا ہے■17
اے ایمان والو! الله سے ڈرو، اور ہر شخص دیکھے کہ اس نے کل کے لئے کیا بھیجا ہے، اور الله سے ڈرتے رہو، بے شک الله تمہارے سب کاموں سے خبردار ہے■18
اور ان لوگوں کی طرح نہ ہو جاؤ جو الله کو بھول گئے، پس الله نے انہیں اپنی جانوں سے غافل کر دیا، یہی لوگ فاسق ہیں■19
جہنمی اور جنتی برابر نہیں ہیں، جنتی ہی کامیاب ہیں■20
اگر ہم یہ قرآن کسی پہاڑ پر اتارتے تو تم اسے دیکھتے کہ الله کے خوف سے جھکا جاتا اور پھٹ پڑتا، اور یہ مثالیں ہم لوگوں کے لئے بیان کرتے ہیں تاکہ وہ غور کریں■21
وہی الله ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، ہر پوشیدہ اور ظاہر کا جاننے والا، وہی بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے■22
وہی الله ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ بادشاہ، پاک، سلامتی دینے والا، امن دینے والا، نگہبان، غالب، زبردست، بڑائی والا ہے، الله ہر اس چیز سے پاک ہے جو وہ اس کا شریک ٹھہراتے ہیں■23
وہی الله ہے بنانے والا، پیدا کرنے والا، صورت بنانے والا، اسی کے لئے سب اچھے نام ہیں، اس کی تسبیح کرتی ہیں جو چیزیں آسمانوں اور زمین میں ہیں، اور وہی غالب حکمت والا ہے■24
©
Translation: Fateh Mohammad Jalandhri This translation is copyright free and free of any restrictions