سورۃ المجادلہ | سورۃ 58

سورۃ المجادلہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
بیشک الله نے اس عورت کی بات سن لی جو آپ سے اپنے شوہر کے بارے میں جھگڑ رہی تھی اور الله سے شکایت کر رہی تھی، اور الله تم دونوں کی باتیں سن رہا تھا، بے شک الله سننے والا دیکھنے والا ہے1
تم میں سے جو اپنی عورتوں کو ماں کہہ دیتے ہیں وہ ان کی مائیں نہیں ہیں، ان کی مائیں تو وہی ہیں جنہوں نے انہیں جنا ہے، اور یہ لوگ ایک بری اور جھوٹی بات کہتے ہیں، اور الله بڑا معاف کرنے والا ہے2
اور جو لوگ اپنی عورتوں کو ماں کہہ دیں پھر اپنی بات سے رجوع کریں تو اس سے پہلے کہ ایک دوسرے کو ہاتھ لگائیں ایک غلام آزاد کریں، یہ باتیں ہیں جن کی تمہیں نصیحت کی جاتی ہے، اور الله تمہارے کاموں سے خبردار ہے3
اور جس کو غلام نہ ملے تو روزے رکھے پے در پے دو مہینے کے قبل اس سے کہ ایک دوسرے کو ہاتھ لگائیں، پھر جس کو یہ بھی طاقت نہ ہو تو ساٹھ مسکینوں کو کھانا دے، یہ اس لیے کہ تم الله اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ، اور یہ الله کی حدیں ہیں اور کافروں کے لیے دردناک عذاب ہے4
بیشک جو لوگ الله اور اس کے رسول کی مخالفت کرتے ہیں وہ ذلیل کیے جائیں گے جیسے ان سے پہلے لوگ ذلیل کیے گئے اور ہم نے صاف صاف آیتیں اتار دی ہیں، اور کافروں کے لیے ذلت کا عذاب ہے5
جس دن الله ان سب کو اٹھائے گا پھر انہیں بتا دے گا جو کچھ وہ کیا کرتے تھے، الله نے اسے شمار کیا اور وہ اسے بھول گئے، اور الله ہر چیز پر گواہ ہے6
کیا تو نے نہیں دیکھا کہ الله جانتا ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے، تین آدمیوں میں کوئی سرگوشی نہیں کرتا مگر وہ چوتھا ہوتا ہے اور نہ پانچ میں مگر وہ چھٹا ہوتا ہے اور نہ اس سے کم اور نہ زیادہ مگر وہ ساتھ ہوتا ہے جہاں بھی ہوں، پھر قیامت کے دن انہیں بتا دے گا جو کچھ وہ کرتے تھے، بے شک الله ہر چیز کو جاننے والا ہے7
کیا تو نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جنہیں سرگوشی سے منع کیا گیا تھا پھر وہی کرتے ہیں جس سے منع کیا گیا اور آپس میں گناہ اور زیادتی اور رسول کی نافرمانی کی سرگوشی کرتے ہیں، اور جب وہ آپ کے پاس آتے ہیں تو آپ کو ایسے لفظوں میں دعا دیتے ہیں جو الله نے آپ کو نہیں دیے اور کہتے ہیں اپنے دل میں کیوں ہم پر الله عذاب نازل نہیں کرتا، ان کے لیے جہنم کافی ہے جس میں جائیں گے، سو وہ برا ٹھکانہ ہے8
اے ایمان والو! جب تم سرگوشی کرو تو گناہ اور زیادتی اور رسول کی نافرمانی کی سرگوشی نہ کرو اور نیکی اور پرہیزگاری کی سرگوشی کرو، اور الله سے ڈرو جس کے پاس تم جمع کیے جاؤ گے9
بیشک سرگوشی شیطان کی طرف سے ہے تاکہ ایمانداروں کو غمگین کرے، حالانکہ انہیں کچھ نقصان نہیں دے سکتا مگر الله کے حکم کے ساتھ اور الله پر ایمان والوں کو بھروسہ کرنا چاہیے10
اے ایمان والو! جب تم سے کہا جائے کہ مجلسوں میں کشادگی کرو تو کشادگی کرو الله تمہیں کشادگی دے گا، اور جب کہا جائے کہ اٹھ کھڑے ہو جاؤ تو اٹھ کھڑے ہو جاؤ، الله تم میں سے ایمان والوں کے اور انہیں جنہیں علم دیا گیا درجے بلند کر دے گا، اور الله تمہارے کاموں سے باخبر ہے11
اے ایمان والو! جب تم رسول سے سرگوشی کرو تو اپنی سرگوشی سے پہلے کچھ صدقہ دے دو، یہ تمہارے لیے بہتر اور زیادہ پاکیزہ ہے، پھر اگر تمہیں کچھ نہ ملے تو بے شک الله بخشنے والا نہایت رحم والا ہے12
کیا تم اس سے ڈرتے ہو کہ اپنی سرگوشی سے پہلے صدقہ دے دو پھر جب تم یہ نہ کر سکو اور الله نے تم پر رحم کیا، پس نماز قائم کرو اور زکواة دو اور الله اور اس کے رسول کا حکم مانو، اور الله تمہارے کاموں سے باخبر ہے13
کیا آپ نے انہیں نہیں دیکھا جو اس قوم سے دوستی کرتے ہیں جن پر الله غضبناک ہے، وہ نہ تم میں سے ہیں اور نہ ان میں سے ہیں، اور وہ جان بوجھ کر جھوٹی قسمیں کھاتے ہیں14
الله نے ان کے لیے سخت عذاب تیار کر رکھا ہے، بے شک وہ برا کام کرتے ہیں15
انہوں نے اپنی قسموں کو ڈھال بنا رکھا ہے پھر الله کی راہ سے روکتے ہیں، پس ان کے لیے ذلت کا عذاب ہے16
ان کے مال اور اولاد الله کے سامنے کچھ کام نہ آئیں گے، وہ دوزخی ہیں، اس میں ہمیشہ رہیں گے17
جس دن انہیں الله سب کو اٹھائے گا تو وہ اس کے سامنے قسمیں کھائیں گے جیسے تمہارے سامنے قسمیں کھاتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ وہ کسی دین پر ہیں، خبردار بیشک وہی جھوٹے ہیں18
شیطان ان پر غالب آ گیا پھر اس نے انہیں الله کی یاد بھلا دی، یہ شیطان کی جماعت ہے، خبردار بیشک شیطان کی جماعت ہی نقصان میں ہے19
بیشک جو لوگ الله اور اس کے رسول کی مخالفت کرتے ہیں وہ ذلیلوں میں ہیں20
الله نے لکھ دیا کہ میں اور میرے رسول غالب آئیں گے، بے شک الله زبردست غالب ہے21
تو ایسی قوم نہ پائے گا جو الله اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتی ہو اور وہ الله اور اس کے رسول کے دشمنوں سے دوستی کریں، اگرچہ وہ ان کے باپ یا بیٹے یا بھائی یا کنبے کے لوگ ہی ہوں، یہی لوگ ہیں جن کے دلوں میں الله نے ایمان لکھ دیا ہے اور انہیں اپنی طرف سے روح دی ہے اور انہیں باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، ہمیشہ ان میں رہیں گے، الله ان سے خوش ہوا اور وہ اس سے خوش ہوئے، یہ الله کی جماعت ہے، خبردار بے شک الله کی جماعت ہی کامیاب ہے22
Previous Post Next Post