سورۃ الطلاق | سوره 65

سورۃ الطلاق

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
اے نبی! جب تم لوگ عورتوں کو طلاق دو تو انہیں ان کی عدت کے لیے طلاق دو اور عدت کا حساب رکھو، اور اپنے رب الله سے ڈرو، نہ تم انہیں ان کے گھروں سے نکالو اور نہ وہ خود نکلیں، ہاں یہ کہ وہ صریح بے حیائی کریں، اور یہ الله کی حدیں ہیں، اور جو الله کی حدوں سے بڑھتا ہے تو اس نے اپنے آپ پر ظلم کیا، تم نہیں جانتے شاید الله اس کے بعد کوئی اور بات پیدا کر دے1
پھر جب وہ اپنی عدت کے خاتمہ پر پہنچیں تو انہیں اچھائی کے ساتھ اپنے نکاح میں رہنے دو یا انہیں اچھائی کے ساتھ جدا کر دو، اور تم میں سے دو عادل شخصوں کو گواہ بنا لو، اور تم گواہی الله کے لیے ٹھیک کرو، اسی سے اس شخص کو نصیحت کی جاتی ہے جو الله اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے، اور جو الله سے ڈرتا ہے الله اس کے لیے نجات کا راستہ بنا دیتا ہے2
اور اسے وہاں سے رزق دیتا ہے جہاں سے اس کا گمان بھی نہ ہو، اور جو شخص الله پر بھروسہ کرتا ہے تو وہ اسے کافی ہے، بے شک الله اپنا کام پورا کر کے رہتا ہے، الله نے ہر چیز کا ایک اندازہ مقرر کر رکھا ہے3
اور جو عورتیں حیض سے ناامید ہو چکی ہوں اگر تمہیں ان کی عدت میں شبہ ہو تو ان کی عدت تین مہینے ہے، اور ان کی بھی جنہیں حیض آنا شروع نہ ہوا ہو، اور حمل والی عورتوں کی عدت یہ ہے کہ ان کے حمل کے وضع ہونے تک، اور جو شخص الله سے ڈرتا ہے الله اس کے کام میں آسانی پیدا کر دیتا ہے4
یہ الله کا حکم ہے جو اس نے تمہاری طرف اتارا، اور جو الله سے ڈرتا ہے الله اس کے گناہ اس سے دور کر دیتا ہے اور اس کے لیے بڑا انعام عطا فرماتا ہے5
اور تمہاری عورتیں جنہیں طلاق دی گئی ہو انہیں ان کی عدت کے مطابق رہائش دو، جہاں تم خود رہتے ہو اپنی طاقت کے مطابق، اور انہیں تکلیف مت دو کہ ان پر تنگی کرو، اور اگر وہ حمل سے ہوں تو ان پر خرچ کرو یہاں تک کہ وہ اپنا حمل وضع کریں، پھر اگر وہ تمہارے لیے بچے کو دودھ پلائیں تو انہیں ان کی اجرت دو، اور آپس میں دستور کے مطابق مشورہ کرو، اور اگر تم باہم کشمکش کرو تو بچے کے لیے اور کوئی دودھ پلانے والی مل جائے گی6
وسعت والے کو اپنی وسعت کے مطابق خرچ کرنا چاہیے، اور جس پر اس کے رزق کی تنگی کی گئی ہو وہ اسے خرچ کرے جو الله نے اسے دیا ہے، الله کسی شخص کو تکلیف نہیں دیتا مگر اسی قدر جو اس نے اسے دیا، الله تنگی کے بعد آسانی پیدا کر دے گا7
اور بہت سے بستیاں اپنی رب کے حکم سے انکار کرنے لگیں تو ہم نے انہیں سختی سے پکڑ لیا اور انہیں بے نام و نشان کر دیا8
پس انہوں نے اپنے کام کا وبال چکھ لیا، اور ان کے کام کا انجام خسارہ ہی ہے9
الله نے ان کے لیے سخت عذاب تیار کر رکھا ہے، پس الله سے ڈرو اے عقل والو! جو ایمان لائے ہو، الله نے تمہاری طرف نصیحت نازل فرمائی ہے10
الله نے تمہاری طرف اپنا پیغمبر بھیجا ہے جو تم پر الله کی روشن آیتیں پڑھتا ہے تاکہ ان لوگوں کو جو ایمان لائے اور اچھے کام کیے اندھیروں سے روشنی کی طرف نکالے، اور جو شخص الله پر ایمان لائے اور نیک کام کرے الله اسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، وہ ان میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے، الله نے اس کے لیے عمدہ رزق رکھا ہے11
الله وہ ہے جس نے سات آسمان بنائے اور زمین بھی اتنی ہی، اس کا حکم ان کے درمیان اترتا ہے تاکہ تم جان لو کہ الله ہر چیز پر قادر ہے، اور یہ کہ الله نے ہر چیز کو اپنے علم سے گھیر رکھا ہے12
Previous Post Next Post